فیول سبسڈی ایپ لانچ، ادائیگیاں آج سے شروع
حکومت نے فیول سبسڈی کیلئے موبائل ایپ لانچ کردی جس کے تحت ادائیگیوں کا آغاز آج سے ہو گا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: ( ویب ڈیسک) حکومت نے فیول سبسڈی کیلئے موبائل ایپ لانچ کردی جس کے تحت ادائیگیوں کا آغاز آج سے ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت فیول سبسڈی اسکیم پر نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں آئی ٹی اور پیٹرولیم کے اعلیٰ حکام سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز شریک ہوئے اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دوران اجلاس موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبے سے منسلک افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ موٹر سائیکل سواروں کو ایندھن پر رعایت دینے کے لیے خصوصی موبائل ایپ لانچ کر دی گئی ہے جس کے تحت ادائیگیوں کا سلسلہ آج ہی سے شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق مرکزی بینک اور صوبوں کے تعاون سے عوامی ٹرانسپورٹ کے لیے سبسڈی کی فراہمی کا عمل پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے جبکہ کسانوں کو بھی ایندھن میں ریلیف کی فراہمی کے لیے جلد اسکیم شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی قیمت 280 روپے لٹر مقرر

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ سبسڈی کے نظام کو سادہ، شفاف اور عوام کے لیے آسان بنایا جائے، اس اسکیم کی بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے اہل شہری بھی اس ریلیف سے مستفید ہو سکیں۔

شہری موٹر سائیکل سبسڈی موبائل ایپ پر شناختی کارڈ درج کر کے اپنی اہلیت چیک کر سکتے ہیں، ابتدائی مرحلے میں صرف 70 سی سی موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو سبسڈی دی جائے گی، جبکہ 70 سی سی سے زائد موٹر سائیکل سوار اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

سکیم کے تحت اہل موٹرسائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لٹر پٹرول پر فی لٹر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔