رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 13 سے 15 فیصد تک گر گئی ہیں۔ برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں 17 ڈالر 31 سینٹ فی بیرل کمی ہوئی، جس کے بعد قیمت 112 ڈالر سے کم ہوکر 94 ڈالر 69 سینٹ پر آگئی ہے۔
اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 19 ڈالر 25 سینٹ کی کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 115 ڈالر سے کم ہوکر 96 ڈالر 73 سینٹ ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا اور ایران جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں، شہباز شریف
اعداد و شمار کے مطابق جنگ سے قبل 28 فروری کو برینٹ خام تیل 70 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 67 ڈالر فی بیرل میں ٹریڈ ہو رہا تھا، تاہم کشیدگی کے باعث قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی منتقل ہوں گے، جس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی عمل میں آئی ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی قیادت نے پاکستان کی تجویز پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے جنگ بندی پر اتفاق کیا، جبکہ 10 اپریل کو اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات بھی متوقع ہیں۔