جنگ بندی کے بعد ایران کی آئل ریفائنری میں دھماکے کی اطلاعات
ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد ایرانی صوبے ھرمزگان کی آئل ریفائنری میں دھماکے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
فائل فوٹو
تہران: (سنو نیوز) ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد ایرانی صوبے ھرمزگان کی آئل ریفائنری میں دھماکے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

چینی خبر ایجنسی سنہوا کے مطابق دھماکے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا،لاوان ریفائنری خلیج فارس میں لاوان جزیرہ پر واقع ہے،دھماکہ ایران امریکہ جنگ بندی کے بعد ہوا ہے۔

دوسری جانب جنگ بندی کے نفاذ کے بعد بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر شدید فضائی حملے جاری ہیں جن میں درجنوں افراد کے جاں بحق اور سیکڑوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق جنگ کے دوران اب تک کی سب سے بڑی اور مربوط کارروائی میں لبنانی دارالحکومت بیروت، وادی بقاع اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 100 سے زائد کمانڈ سینٹرز اور فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

لبنانی وزارت صحت کے مطابق عارضی جنگ بندی کے باوجود دہشت گرد اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری ہیں جن میں 87 افراد شہید جبکہ 700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

ادھر ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر اسرائیل نے لبنان پر حملے جاری رکھے تو تہران جنگ بندی معاہدے سے دستبردار ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی درخواست پر ٹرمپ نے جنگ بندی قبول کرلی

خبررساں ادارے نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس امکان پر غور کر رہا ہے کہ اگر صہیونی فورسز کی لبنان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں تو جنگ بندی سے علیحدگی اختیار کی جائے۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات تنازع کے علاقے کے چند مقامات سے موصول ہوئی ہیں، یہ امن عمل کی روح کو نقصان پہنچاتی ہیں، میں خلوص دل سے تمام فریقوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ فریقین طے شدہ دو ہفتوں تک جنگ بندی کا احترام کریں تاکہ سفارت کاری کو تنازع کے پُرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع مل سکے۔