پاکستان کی درخواست پر ٹرمپ نے جنگ بندی قبول کرلی
Trump Iran ceasefire
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے کی جانے والی 2 ہفتے کی جنگ بندی کی درخواست کو قبول کرلیا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران پر بمباری اور حملے 2 ہفتوں کیلئے معطل کرنے پر رضامند ہوں، بمباری اورحملے معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بعد درخواست کی تھی کہ آج رات ایران پر بھیجے جانے والے تباہ کن حملے کو روک دیا جائے۔

ٹرمپ نے اپنے پیغام میں ایران کیلئے دی کنٹری آف ایران کے متبادل کے طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کا استعمال کیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران آبنائے ہرمز کو مکمل و فوری طور پر اور محفوظ طریقے سے کھولنے پر متفق ہو جائے، ہم ایران پر بمباری اور حملے کو دو ہفتوں کیلئے معطل کرنے پر متفق ہیں، یہ دو طرفہ جنگ بندی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے تمام فوجی اہداف حاصل کر لیے ہیں اور ان سے آگے نکل چکے ہیں اور ایران کے ساتھ طویل مدتی امن کے بارے میں ایک واضح معاہدے کی طرف بہت آگے بڑھ چکے ہیں، جو مشرق وسطیٰ میں امن کا باعث بنے گا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا اور ایران جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں، شہباز شریف

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں ایران کی طرف سے 10 نکات پر مشتمل ایک تجویز موصول ہوئی ہے اور وہ اسے بات چیت کی بنیاد کے طور پر قابل عمل سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تقریباً تمام متنازعہ نکات پر امریکا اور ایران کے درمیان اتفاق رائے ہو چکا ہے، لیکن دو ہفتوں کا عرصہ اس معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اسے مکمل کرنے کیلئے درکار ہے۔