مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنر جی کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا بعدازاں طیارے کو بحفاظت کولکتہ میں اتار لیا گیا۔
فائل فوٹو
کولکتہ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنر جی کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا بعدازاں طیارے کو بحفاظت کولکتہ میں اتار لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جمعرات کے دن طے شدہ شیڈول کے مطابق ممتا بنرجی نے مغربی بردھمان کے پانڈویشور میں ایک پروگرام اور جلسہ عام میں شرکت کی، جس کے بعد وہ کولکتہ کے لیے روانہ ہوئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارے نے اندل ایئرپورٹ سے شام 3 بج کر 39 منٹ پر اڑان بھری اور معمول کے مطابق شام 4 بج کر 25 منٹ پر کولکتہ پہنچنے کا وقت مقرر تھا لیکن جیسے ہی طیارہ کولکتہ کی فضائی حدود میں داخل ہوا، موسم اچانک خراب ہوگیا، آسمان تاریکی میں ڈوب گیا اور شدید ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے جکھڑ چلنے لگے۔

ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نے خطرناک حالات کے باعث فوری طور پر طیارے کو لینڈنگ کی اجازت نہ دی جس کے نتیجے میں طیارہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ہوا میں چکر لگاتا رہا۔

ذرائع کے مطابق پائلٹ نے ابتدا میں شمال سے لینڈنگ کی کئی کوششیں کیں، لیکن بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ہر بار ناکام رہا، ایک موقع پر دیگر ہوائی اڈے کی طرف روانگی پر بھی غور کیا گیا، لیکن کافی ایندھن ہونے کی وجہ سے طیارے میں کوئی فوری خطرہ نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا اعتراف

شام 4 بج کر 49 منٹ کے قریب موسم کچھ بہتر ہوا ، تاہم اولے گرنا جاری رہے، ماہرین کے مطابق ژالہ باری کے دوران لینڈنگ انتہائی خطرناک ہوتی ہے، اس لیے پائلٹ نے مزید کچھ وقت انتظار کیا اور بعد میں جنوب کی جانب راستہ تبدیل کر کے لینڈنگ کی کوشش کی جہاں حالات نسبتاً بہتر تھے۔

آخرکار طیارہ شام 5 بج کر 18 منٹ پر کولکتہ کے ہوائی اڈے پر بحفاظت لینڈ ہوا اور قریب ساڑھے 5 بجے کے قریب وزیر اعلیٰ سخت سکیورٹی کے درمیان اپنی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہو گئیں۔