امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے مشرقِ وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان نے نہایت اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ امن معاہدے کے فریم ورک کیلئے پندرہ نکاتی ایکشن منصوبہ پاکستان کے ذریعے ایران تک پہنچایا گیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں میں بہتری آئی۔
اسٹیو وٹکوف کے مطابق پاکستان نے نہ صرف پیغامات کی ترسیل میں اہم کردار ادا کیا بلکہ مذاکرات کیلئے سازگار ماحول بھی فراہم کیا۔
عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مدبرانہ حکمت عملی خطے میں امن کے قیام میں کلیدی حیثیت اختیار کر چکی ہے، اگر پاکستان یہ کردار ادا نہ کرتا تو امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ سکتی تھی، جس کے اثرات پوری دنیا پر پڑتے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران کیساتھ پاکستان کے ذریعے مذاکرات کررہا ہے: واشنگٹن
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سیاسی اور عسکری سفارت کاری نے نہ صرف اس کی عالمی ساکھ کو مضبوط کیا ہے بلکہ اسے ایک ذمہ دار اور قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر بھی ابھارا ہے، یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی امن و استحکام کیلئے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔