کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں نئی بھرتیوں کی منظوری
Punjab crime control jobs
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں عملے کی کمی دور کرنے کیلئے ایک ہزار نئی بھرتیوں کی اجازت دے دی ہے۔

حکومت پنجاب نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں افرادی قوت کی کمی دور کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر بھرتیوں کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت 1 ہزار نئی آسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ مارچ 2025 میں قائم کیا گیا تھا، جس کے لیے مجموعی طور پر 7 ہزار 486 اہلکاروں کی منظوری دی گئی تھی تاہم اس وقت صرف 3 ہزار 904 افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ 3 ہزار 582 نشستیں خالی ہیں۔

حکام کے مطابق پنجاب پولیس کے اہلکار نئے قائم ہونے والے ادارے میں منتقل ہونے کے باعث بھی عملے کی کمی پیدا ہوئی، جس کے پیش نظر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے نئی بھرتیوں کی تجویز پیش کی تھی اور اب جسے صوبائی کابینہ نے منظور کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توانائی بحران کے پیش نظر فیول کوٹہ سسٹم کی تیاری شروع

منصوبے کے تحت مختلف عہدوں پر بھرتی کی جائے گی جن میں سپرنٹینڈنٹ پولیس، ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ، انسپکٹر، سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل، ڈرائیور کانسٹیبل اور کانسٹیبل شامل ہیں۔

حکومت نے ان بھرتیوں اور انتظامی اخراجات کے لیے مالی سال 25 تا 2026 کے ضمنی بجٹ میں 49 کروڑ 10 لاکھ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی بھرتیوں سے نہ صرف محکمہ کی کارکردگی بہتر ہو گی بلکہ جرائم کی روک تھام میں بھی مؤثر پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔