امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے کہا کہ عاشور سے محبت کرنے والی قوم کو کھوکھلی دھمکیوں سے خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی کئی لوگوں نے ایرانی قوم کو ختم کرنے کے دعوے کیے لیکن ناکام رہے، اپنا خیال رکھو کہیں ایسا نہ ہو کہ مٹادیے جاؤ۔
علی لاریجانی کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز یا تو سب کے لیے خوشحالی کی گزرگاہ ہو گی یا جنگ کا چناؤ کرنے والوں کے لیے شکست اور تکالیف کی گزرگاہ میں تبدیل ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ کیساتھ مذاکرات اب ایجنڈے میں شامل نہیں، ایرانی وزیرِ خارجہ
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی قوم چھ ہزار سال قدیم تہذیب کی وارث ہے، تاریخ کے نشیب و فراز کے باوجود کوئی طاقت اس قوم کو مٹا نہیں سکی۔
صدر مسعود پزشکیان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو تباہ کرنے کا خواب دیکھنے والے تاریخ سے ناواقف ہیں، پہلے بھی کئی حملہ آور آتے اور جاتے رہے مگر ایران قائم رہا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز کو بند رکھا تو اس پر موت، آگ اور قہر برسے گا،بیس گنا زیادہ سختی سے نمٹا جائے گا۔