سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حملے میں غیر ملکی شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے شہر خرج میں ایک رہائشی علاقے پر ڈرون حملے ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کا تعلق بھارت جبکہ دوسرے کا بنگلادیش سے ہے۔
سعودی حکام کے مطابق زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے جبکہ واقعے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی جانب سے فضائی کارروائی کے دوران پاکستانی جاں بحق
دوسری جانب دبئی میں فضائی دفاعی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا، اماراتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی شام پیش آنے والے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والا شخص پاکستانی ڈرائیور تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ دبئی کے علاقے البرشا میں پیش آیا جہاں فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے نے ایک گاڑی کو نقصان پہنچایا، اس حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں موجود ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔