ہرگز ہتھیار نہیں ڈالیں گے، ایران مزاحمت جاری رکھے گا: عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہم ہرگز ہتھیار نہیں ڈالیں گے، ایران مزاحمت جاری رکھے گا۔
فائل فوٹو
تہران: (سنو نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہم ہرگز ہتھیار نہیں ڈالیں گے، ایران مزاحمت جاری رکھے گا۔

امریکی ٹی وی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اسرائیل اور ایران کی 12 روزہ جنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر مشروط سرینڈر کی بات کی لیکن ایسا نہیں ہوا، ایرانی مزاحمت کی بدولت امریکا اور اسرائیل کو بلا شرط جنگ بندی کا مطالبہ کرنا پڑا ۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی اہداف پر ایران کے حملے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کا جواب ہیں، ایران نے یہ جنگ خود نہیں چنی بلکہ یہ امریکا اور اسرائیل کی طرف سے ایران پر مسلط کی گئی ہے، ایران کی جوابی فوجی کارروائیاں خطے میں موجود امریکی اڈوں، تنصیبات اور مفادات کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

میزبان نے سوال کیا کہ کیا مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے اگلے سپریم لیڈر ہوں گے؟ جس پر عباس عراقچی نے جواب دیا کہ اگلا سپریم لیڈر کون ہو گا؟ کسی کو معلوم نہیں، نئے سپریم لیڈر کے بارے میں بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں، مجلس خبرگان کے اجلاس اور نئے سپریم لیڈر کے انتخاب تک انتظار کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: متعدد امریکی فوجیوں کو ہم نے قید کرلیا ہے، علی لاریجانی

اینکر نے سوال کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو ایران کا اگلا رہنما ہونا چاہیے؟ جس پر ایرانی وزیر خارجہ نے جواب دیا کہ جس کسی کو بھی مجلس خبرگان منتخب کرے گی، وہی ایران کا اگلا سپریم لیڈر ہو گا،عوام پہلے ہی مجلس خبرگان کو منتخب کر چکے، اب مجلس خبرگان اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

عباس عراقچی کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو بھی اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتے، رہبر اعلیٰ کی عدم موجودگی میں لیڈرشپ کونسل امور سنبھالے ہوئے ہے۔ 

ضرور پڑھیں