اس نئی سہولت کا مقصد عمرہ کیلئے آنے والے لاکھوں زائرین کو امیگریشن کے مراحل میں آسانی فراہم کرنا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی محکمہ جوازات نے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ اور شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ پر جدید امیگریشن سیلف سروس متعارف کرا دی، اس سروس کے ذریعے عمرہ زائرین بغیر طویل انتظار کے امیگریشن کے مراحل مکمل کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق یہ جدید ڈیجیٹل نظام خاص طور پر رمضان المبارک کے دوران بڑھنے والے عمرہ سیزن کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرایا گیا ہے، اس دوران دنیا بھر سے بڑی تعداد میں زائرین عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب آتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق خودکار گیٹس کے ذریعے زائرین کا مکمل ڈیٹا چند لمحوں میں تصدیق کر لیا جاتا ہے جس کے بعد داخلے اور واپسی کی کارروائی خودکار طریقے سے مکمل ہو جاتی ہے، اس نظام کی بدولت مسافروں کو امیگریشن کاؤنٹرز پر طویل قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں:صبح کی کلاسز آن لائن کرانے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف امیگریشن کے عمل کو تیز بنایا جائے گا بلکہ زائرین کو بہتر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، توقع ہے کہ اس اقدام سے عمرہ زائرین کے سفر کو مزید آسان اور آرام دہ بنایا جا سکے گا۔