مصر میں جاری ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائر کے سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے 4 سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، پاکستان نے آخری کوارٹر میں تین گول اسکور کرکے فائنل میں جگہ بنائی، فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کل انگلینڈ سے ہو گا۔
سنسنی خیز مقابلے کے آخری لمحات میں پاکستان کے گول کیپر علی رضا نے جاپان کا پینالٹی اسٹروک کا کامیابی سے دفاع کیا اور قومی ہاکی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان کی جانب سے سفیان خان، ابو محمد، محمد عماد اور افراز نے گول کیے۔
ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائر کے سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان نے 8 سال بعد ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان ہاکی ٹیم 2018 کے بعد اب رواں برس 2026 میں ورلڈ کپ کھیلے گی ، پاکستان پچھلے ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ہاکی ایشیا کپ: پاکستان کا کھیلنے کا اعلان
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے پر قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے 8 برس بعد ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کیا، یہ کامیابی ٹیم ورک اور کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ جیت ثابت کرتی ہے کہ پاکستان میں ہاکی کا ٹیلنٹ موجود ہے، کپتان عماد شکیل بٹ سمیت تمام کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی قابل تحسین ہے، امید ہے قومی ٹیم فائنل جیت کر واپس آئے گی۔
علاوہ ازیں پی ایچ ایف کی ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئر مین اولمپئین اصلاح الدین نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔