یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق 9 مارچ سے رمضان المبارک کے اختتام تک جامعہ کراچی کی تمام مارننگ کلاسز آن لائن منعقد کی جائیں گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ کو درپیش ممکنہ سفری مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث طلبہ اور اساتذہ کو یونیورسٹی آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے عارضی طور پر آن لائن تدریسی نظام اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی باقاعدہ منظوری وائس چانسلر کی جانب سے دی گئی ہے، جس کے بعد آن لائن کلاسز کے انعقاد کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس دوران اساتذہ اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کے مطابق آن لائن لیکچرز میں شرکت کو یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں:خواتین میں مفت پنک الیکٹرک اسکوٹر تقسیم کرنے کا اعلان
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اس طرح کے انتظامات طلبہ کیلئے سہولت فراہم کرتے ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل بھی برقرار رہتا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات کے مطابق آئندہ کلاسز کے طریقہ کار سے متعلق مزید فیصلے بھی کیے جائیں گے۔