آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای سپریم لیڈر منتخب
آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای
آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا سپریم لیڈرمنتخب کیا گیا/ فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں اعلیٰ قیادت سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ تاہم اس حوالے سے ایرانی حکومت یا سرکاری اداروں کی جانب سے ابھی تک باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

بین الاقوامی اور اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کا انتخاب ایران کی طاقتور مذہبی و آئینی کونسل، مجلس خبرگانِ رہبری (Assembly of Experts) نے کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سپریم لیڈر کے انتخاب کا عمل حالیہ دنوں میں جاری تھا اور یہ معاملہ حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا تھا۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ مجلس خبرگان کے ارکان نے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے آن لائن اجلاس منعقد کیا۔

یاد رہے کہ مجلس خبرگانِ رہبری ایران کا ایک انتہائی اہم آئینی ادارہ ہے جس کے پاس سپریم لیڈر کے انتخاب، نگرانی اور ضرورت پڑنے پر اسے عہدے سے ہٹانے کا اختیار بھی موجود ہے۔ اس مجلس میں 88 ارکان شامل ہوتے ہیں جو زیادہ تر جید علمائے دین اور فقہا پر مشتمل ہوتے ہیں۔ ان ارکان کا انتخاب ہر آٹھ سال بعد ایران میں ہونے والے عوامی انتخابات کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا مشرق وسطیٰ میں 2 سفارتخانے بند کرنے کا اعلان

رپورٹس کے مطابق حالیہ کشیدہ صورتحال کے دوران قم میں واقع مجلس خبرگانِ رہبری کی عمارت کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت کو پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا جس کی وجہ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اس واقعے کے بعد مجلس کے ارکان نے متبادل طریقہ کار کے تحت مشاورت کا عمل جاری رکھا۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین سے متعلق بھی معلومات جاری کی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں بڑے پیمانے پر تعزیتی اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ یہ اجتماعات امام خمینی ہال تہران میں آج سے شروع ہو کر جمعے تک جاری رہیں گے جہاں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین مشہد میں کی جائے گی، تاہم تدفین کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔ مشہد کو ایران کے اہم ترین مذہبی شہروں میں شمار کیا جاتا ہے اور یہاں امام رضاؑ کے روضہ مبارک کی وجہ سے خاص مذہبی اہمیت حاصل ہے۔
 

ضرور پڑھیں