ایرانی حکام کی جانب سے سرکاری سطح پر مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ ایران کے دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں جاری آپریشن ماضی کی جنگوں سے مختلف اور زیادہ وسیع نوعیت کا ہے، ایرانی دفاعی نظام کیخلاف بڑا حملہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے ایران نے اپنے کچھ کمانڈرز کھو دیے ہوں، لیکن یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں، امریکی اور اسرائیلی حملہ بلا اشتعال، غیر قانونی اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کا ایران پر حملہ، اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا
عباس عراقچی نے زور دیا کہ ایران جو اقدامات کر رہا ہے وہ دفاعی نوعیت کے ہیں اور ہر خودمختار ریاست کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو امریکا کے ساتھ مذاکرات کا تلخ تجربہ رہا ہے، اسی لیے اب خطے میں موجود امریکی اڈوں کو اپنے دفاع میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔