حکام کے مطابق یہ تعطیلات کویت کے 65 ویں قومی دن اور 35 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں دی جا رہی ہیں۔ کویت ہر سال 25 فروری کو اپنا قومی دن مناتا ہے جبکہ یومِ آزادی 26 فروری کو منایا جاتا ہے۔ ان اہم قومی مواقع پر ملک بھر میں سرکاری سطح پر مختلف تقریبات، پریڈز، ثقافتی پروگرامز اور آتش بازی کے مظاہرے منعقد کیے جاتے ہیں جن میں شہری بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کی کابینہ ارکان کو کھلی کچہریاں لگانے کی ہدایت
واضح رہے کہ کویت میں ہفتہ وار تعطیلات جمعہ اور ہفتہ کو ہوتی ہیں۔ اس طرح اگر سرکاری طور پر بدھ اور جمعرات کی چھٹیاں دی جائیں تو شہریوں کو مسلسل چار دن کی تعطیلات میسر آ جائیں گی۔ اس فیصلے کے بعد کویتی شہری اور ملک میں مقیم غیر ملکی باشندے طویل ویک اینڈ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس دوران سیاحتی مقامات، شاپنگ مالز اور تفریحی مراکز پر رش میں اضافہ ہوگا جبکہ ہوٹلنگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بھی سرگرمی بڑھے گی۔
سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے بعد معمول کا کام اتوار یکم مارچ سے دوبارہ شروع ہوگا۔ تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے اپنے معمول کے اوقات کار کے مطابق کھل جائیں گے اور عوام کو خدمات کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
قومی دن اور یومِ آزادی کو کویت میں خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ دن ملک کی خودمختاری، قومی اتحاد اور ترقی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ ان مواقع پر سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا جاتا ہے جبکہ شہری بھی اپنے گھروں اور گاڑیوں پر قومی پرچم آویزاں کر کے جشن مناتے ہیں۔