ڈرائیونگ لائسنس کا حصول مزید آسان، نئی سہولت متعارف
خیبرپختونخوا حکومت نے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو تیز اور آسان بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ایک گھنٹے میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی نئی سہولت متعارف کرا دی۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو تیز اور آسان بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ایک گھنٹے میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی نئی سہولت متعارف کرا دی۔

‏حکومتِ خیبر پختونخوا نے عوامی خدمات کی فراہمی میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا۔

اب درخواست گزار گھر بیٹھے آن لائن طریقہ کار کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں اور مقررہ مراحل مکمل کرنے کے بعد مختصر وقت میں لرنر لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔

‏یہ سہولت خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ٹرانسپورٹ ڈائریکٹوریٹ اور ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ محکمہ کے انتظامی تعاون سے تیار کی ہے اور اب یہ خدمت دستک موبائل ایپ پر دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے نئی شرط عائد

شہری ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی معلومات درج کریں گے، مطلوبہ فیس کی آن لائن ادائیگی کریں گے اور پھر ڈیجیٹل تصدیق کے بعد انہیں لرنر لائسنس جاری کر دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے شفافیت میں اضافہ ہوگا، بدعنوانی کے امکانات میں کمی آئے گی اور شہریوں کو بروقت اور معیاری سروس فراہم کی جا سکے گی۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید خدمات بھی اسی طرز پر آن لائن منتقل کی جائیں گی تاکہ صوبے میں ای گورننس کو فروغ دیا جا سکے اور عوام کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس اقدام کا مقصد شہریوں کو طویل قطاروں اور غیر ضروری تاخیر سے نجات دلانا ہے تاکہ عوام کم سے کم وقت میں قانونی تقاضے پورے کر سکیں۔ 

ضرور پڑھیں