سندھ حکومت نے صوبے میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے تمام افراد کے لیے پری لائسنس ڈرائیونگ ٹریننگ لازمی قرار دے دی۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کا 50 واں اجلاس ہوا جس میں سینئر وزرا سردار شاہ، جام خان شورو، ضیاء الحسن لنجار، وزیراعلیٰ کے مشیر بابل بھیو، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید اور چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں خصوصی ڈرائیونگ ٹریننگ ، گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سکھر اور گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس اینڈ کمرشل ایجوکیشن نوشہرو اور پائیدار جنگلاتی سیاحت کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دوران اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں ایچ ٹی وی اور ایل ٹی وی ڈرائیور ٹریننگ اسکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ تربیت کے بغیر کسی بھی امیدوار کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء نہیں کیا جائے گا، آئندہ پانچ سال میں ایک لاکھ ڈرائیورز کو تربیت اور لائسنس فراہم کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے میگا ریلیف
ڈرائیونگ کے تربیتی مراکز کا قیام ابتدائی طور پر سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (اسٹیوٹا) کے چار اداروں میں عمل میں لایا جائے گا جبکہ زیادہ طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں بڑے مراکز قائم کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔
پروگرام کے تحت پانچ سال میں ایک لاکھ ڈرائیورز کو تربیت اور لائسنس جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں 62 ہزار 500 ایل ٹی وی اور 37 ہزار 500 ایچ ٹی وی ڈرائیور شامل ہوں گے جبکہ تقریباً نصف کراچی سے ہوں گے۔