پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز کے اوقات کار میں اضافہ کر دیا گیا ، صوبائی دارالحکومت لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت بڑے صوبے کے تمام بڑے شہروں میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز کا دورانیہ 24 گھنٹے کر دیا گیا۔
اسی طرح چھوٹے شہروں میں بھی ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز صبح 8 سے رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے لائسنسنگ سینٹرز کے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ڈرائیونگ لائسنس بنوا کر جرمانوں سے بچ سکیں۔
شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز کے اوقات کار میں اضافے سے بڑی سہولت میسر آئے گی اور خواہشمند کسی بھی وقت جاکر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس فیس کے سرکاری نرخ جاری
دوسری جانب پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے یا تجدید کروانے والے شہریوں کے لیےڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم( ڈی ایل آئی ایم ایس )نے آفیشل فیس کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پہلی بار لائسنس حاصل کرنے کی فیس صرف 400 روپے ہے جبکہ تجدید پر 200 روپے ہی ادا کرنا ہوں گے جبکہ کار یا جیپ کے لائسنس کے خواہشمند افراد کے لیے لائسنس کی فیس ایک ہزار 350 روپے مقرر کی گئی ہے اور تجدید پر 675 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
اسی طرح لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل یا تجارتی گاڑیوں کے لائسنس کی فیس تھوڑی زیادہ رکھی گئی ہے، پہلی بار لائسنس جاری کرنے کی فیس 2 ہزار 480 روپے جبکہ تجدید پر ایک ہزار 240 روپے ہے۔