کویت وزٹ ویزا قوانین میں نمایاں تبدیلیاں متعارف
Kuwait visa policy changes
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): کویت نے وزٹ ویزا پالیسی میں اہم تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں جس کا مقصد مسافروں کو مزید سہولیات فراہم کرنا ہے۔

 کویتی حکام نے وزٹ ویزا کے قوانین میں نمایاں نرمی کرتے ہوئے نئے اور واضح اصول متعارف کرا دیے ہیں جس سے غیر ملکی مسافروں کو سہولت میسر آئے گی اور پرانی الجھنوں کا خاتمہ ہوگا۔

حکام کے مطابق نئے امیگریشن فریم ورک کے تحت ویزا کے اختیارات میں توسیع کی گئی ہے جبکہ درخواست کے جدید آن لائن نظام بھی متعارف کرائے گئے ہیں، اسی کے ساتھ وہ پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے جس کے تحت مخصوص ایئر لائن کےذریعے داخلہ ضروری سمجھا جاتا تھا۔

اہم بات یہ ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ ہر تین ماہ بعد ملک چھوڑ کر مزید تین ماہ باہر رہنا لازمی ہے، موجودہ قوانین میں ایسی کوئی شرط شامل نہیں البتہ ویزا ختم ہونے پر مسافر کو ملک سے باہر جا کر نیا ویزا حاصل کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی کوریا: سابق صدر کو بغاوت کے جرم میں عمر قید سزا

مزید برآں، یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ متعدد بار ملک چھوڑنے کے بعد ویزا کے اجرا پر کوئی مستقل پابندی نہیں تاہم ہر درخواست کو الگ بنیاد پر جانچا جاتا ہے۔ ویزا کے حصول کیلئے پاسپورٹ کا کارآمد ہونا اور کسی قانونی پابندی سے پاک ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بعض صورتوں میں وزٹ ویزا کی مدت 3 ماہ سے بڑھا کر 6 ماہ یا ایک سال تک بھی کی جا سکتی ہے تاہم اس کیلئے وزارت داخلہ کی منظوری اور مقررہ فیس درکار ہوگی۔

دوسری جانب مقررہ مدت سے زائد قیام کرنے والوں کو جرمانے، ملک بدری یا مستقبل میں داخلے پر پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تازہ معلومات کیلئے سرکاری ویب سائٹس سے رجوع کریں تاکہ کسی قسم کی مشکل سے بچا جا سکے۔