ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: صاحبزادہ فرحان کا سب سے زیادہ رنز کا اعزاز
پاکستان کے جارح مزاج اوپنر بلے باز صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے بیٹر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
صاحبزادہ فرحان نمیبیا کیخلاف سنچری بنانے کے بعد جشن مناتے ہوئے (فوٹو بشکریہ پی سی بی)
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے جارح مزاج اوپنر بلے باز صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے بیٹر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

کولمبو میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےاہم میچ میں پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔

قومی بیٹر صاحبزادہ فرحان نے 58 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی بدولت 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اس سنچری کےساتھ ہی صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے بیٹر بن گئے۔

واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان نے رواں ایونٹ کی 4 اننگز میں اب تک سب سے زیادہ 220 رنز اسکور کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان نے نمیبیا کو ہرا کر سپر ایٹ کیلئے کوالیفائی کرلیا

خیال رہے کہ اس فہرست میں جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم 4 میچز میں 178 رنز کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

علاوہ ازیں رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں سب سے زیادہ چھکے مارنے اعزاز بھی اب تک صاحبزادہ فرحان کے پاس ہی ہے، انہوں نے 4 اننگز میں 11 چھکے مارے جبکہ بھارتی بلے باز ایشان کشن 4 میچز میں 10 چھکے مار کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان ٹی 20 ورلڈکپ کی تاریخ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹر بن گئے، ان سے پہلے احمد شہزاد نے 2014 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف سنچری سکور کی تھی۔