ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان نے نمیبیا کو ہرا کر سپر ایٹ کیلئے کوالیفائی کرلیا
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کےلیے کوالیفائی کر لیا۔
فوٹو بشکریہ پی سی بی
کولمبو: (سنو نیوز) آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کےلیے کوالیفائی کر لیا۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 58 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے، ان کی اننگ میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے 38، صائم ایوب نے 14 اور خواجہ نافع نے 5 رنز سکور کیے جبکہ شاداب خان نے 36 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

نمیبیا کی جانب سے جیک براس سیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ گیرہارڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی بیٹنگ لائن کو پاکستان باؤلرز نے ادھیڑ کر رکھ دیا، نمیبیا کی جانب سے لورین سٹین کیمپ 23 جبکہ الیگزینڈر وال شینک 20 رنز بنا سکے جبکہ دوسرا کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، شاداب خان نے بھی تین شکار کیے جبکہ سلمان مرزا اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔