اسلام آباد وفاقی دارالحکومت میں خواتین کے نقل و حرکت کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے اڑان رائیڈنگ اسکول کا افتتاح کردیا ہے، تقریب ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز فیض آباد میں منعقد ہوئی جہاں انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی نے باقاعدہ آغاز کیا۔
تقریب میں سینئر افسران، طالبات اور خواتین اہلکاروں نے شرکت کی، آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد خواتین کو معیاری ڈرائیونگ تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ سفر کرسکیں، پروگرام کے تحت اسکوٹی اور موٹر سائیکل کے ساتھ کار ڈرائیونگ کی عملی تربیت بھی دی جائے گی۔
حکام کے مطابق ادارے میں جدید تقاضوں کے مطابق مخصوص ڈرائیونگ ٹریک تیار کیا گیا ہے جہاں خواتین انسٹرکٹرز کی نگرانی میں تربیتی سیشن ہوں گے، کورس مکمل کرنے والی شرکاء کو باضابطہ اسناد جاری کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں امدادی رقم بڑھانے کا اعلان
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت اسلام آباد اور راولپنڈی کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کیلئے یکساں طور پر مفید ثابت ہو گی، اس اقدام سے نہ صرف سفری مشکلات کم ہوں گی بلکہ سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کے کلچر کو بھی فروغ ملے گا۔
حکام نے واضح کیا کہ شہری سہولت کیلئے ایسے مزید منصوبے بھی متعارف کرائے جاتے رہیں گے تاکہ خواتین بااعتماد اور بااختیار انداز میں زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ سکیں۔