میٹرک امتحانات میں ای شیٹ نظام نافذ
فائل فوٹو
February, 18 2026
لاہور:(ویب ڈیسک) تعلیمی بورڈ لاہور نے نہم اور دہم کے امتحانات میں الیکٹرانک جوابی کاپیوں کا نظام متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
تعلیمی بورڈ لاہور نے امتحانی نظام کو جدید بنانے کیلئے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ای شیٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس اقدام کے تحت نویں اور دسویں جماعت کی جوابی کاپیاں اسکین کر کے آن لائن مارکنگ کی جائے گی جس سے وقت کی بچت اور شفافیت میں بہتری متوقع ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کمپیوٹر سائنس کے پرچے اس نظام کے تحت چیک کیے جائیں گے، نئے طریقہ کار کے تحت ہر ممتحن صرف ایک سوال کی جانچ کرے گا، اگر پرچے میں پانچ سوالات ہوں
گے تو پانچ مختلف اساتذہ الگ الگ سوالات کو نمبر دیں گے جس سے غلطی اور جانبداری کے امکانات کم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کن سڑکوں پر ای چالان لاگو نہیں؟رپورٹ جمع
طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر جواب متعلقہ سوال نمبر کے مطابق صاف اور واضح انداز میں تحریر کریں تاکہ اسکیننگ کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اس کے علاؤہ ترتیب اور صفائی کا خاص خیال رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ تمام ریکارڈ آن لائن محفوظ ہوگا جس سے نتائج کی تیاری زیادہ منظم انداز میں ممکن ہو سکے گی، ری-چیکنگ سے متعلق شکایات میں بھی کمی آنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔