کن سڑکوں پر ای چالان لاگو نہیں؟رپورٹ جمع
Karachi e-challan system
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) شہر میں ای چالان کے نظام سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران ڈی آئی جی ٹریفک نے تحریری جواب جمع کرا دیا۔

عدالت میں جمع کرائے گئے جواب کے مطابق پہلے مرحلے میں ای چالان صرف ان سڑکوں پر نافذ کیا گیا جہاں مکمل بنیادی ڈھانچہ اور کیمرہ نظام موجود ہے۔ زیرِ تعمیر سڑکیں اور وہ مقامات جہاں انفراسٹرکچر مکمل نہیں، فی الحال ای چالان کے دائرے میں شامل نہیں ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے مؤقف اختیار کیا کہ شہری اگر 14 روز کے اندر جرمانہ ادا کریں تو انہیں 50 فیصد رعایت دی جا رہی ہے، جرمانوں کی شرح میں ترمیم حکومت سندھ نے کی ہے اور اس معاملے میں ٹریفک پولیس کا کوئی کردار نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:رمضان المبارک میں موسم کیسا رہے گا؟ رپورٹ جاری

تحریری جواب میں مزید کہا گیا کہ ای چالان کا نظام شفاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہے، اگر کسی شہری کو چالان پر اعتراض ہو تو وہ متعلقہ ٹریفک عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

عدالت نے ای چالان کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت 12 مارچ تک ملتوی کر دی، ماہرین کے مطابق اس کیس کا فیصلہ شہر میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کے حوالے سے اہم اثرات مرتب کر سکتا ہے۔