سہیل آفریدی کی کابینہ ارکان کو کھلی کچہریاں لگانے کی ہدایت
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی
سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ ارکان کو عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی/ فائل فوٹو
پشاور (سنو نیوز) سہیل آفریدی کی جانب سے صوبائی کابینہ ارکان کو عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے باقاعدہ خط کابینہ ارکان اور متعلقہ سیکرٹریز کو ارسال کیا جس میں عوامی رابطے کے نظام کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کا فوری اور مؤثر حل حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے براہِ راست متعلقہ حکام تک رسائی دی جائے تاکہ ان کے مسائل بروقت سنے اور حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ماہانہ بنیادوں پر کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنائیں اور ان سیشنز کی باقاعدہ رپورٹ بھی پیش کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پنجاب، امداد لینے کیلئے ان نمبرز پر رابطہ کریں

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ کھلی کچہریاں عوام اور حکومت کے درمیان فاصلے کم کرنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ براہِ راست عوامی شکایات سننے سے نہ صرف مسائل کی درست نشاندہی ہوتی ہے بلکہ سرکاری کارکردگی میں بھی بہتری آتی ہے۔ انہوں نے کابینہ ارکان کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سطح پر بھی ایسے اجتماعات منعقد کریں تاکہ دور دراز علاقوں کے شہری بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ذرائع کے مطابق خط میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ کھلی کچہریوں میں موصول ہونے والی شکایات اور تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کے حل کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے محکموں کے افسران کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ موقع پر ہی ممکنہ فیصلے کیے جا سکیں۔
 

ضرور پڑھیں