امریکی صدر کی رہائشگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنیوالا شخص مارا گیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائشگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا مشتبہ شخص سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
فائل فوٹو
فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائشگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا مشتبہ شخص سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے مارا گیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ریزورٹ مارا اے لاگو میں ایک مشتبہ شخص نے داخل ہونے کی کوشش کی جسے سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کر کے موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔

امریکی سیکریٹ سروس کے مطابق ریزورٹ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے کو ہلاک کر دیا گیا، 20 سالہ مشتبہ شخص نے غیرقانونی طور پر مار اے لاگو کے محفوظ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جبکہ صدر ٹرمپ اس وقت واشنگٹن میں موجود ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 20 سالہ سفید فام شخص رات تقریباً ڈیڑھ بجے کے قریب سیکیورٹی حصار میں داخل ہوا، اس کے پاس ایک شاٹ گن اور ایندھن کا کنستر موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی ایک بار پھر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریف

سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے رکنے اور ہتھیار پھینکنے کا حکم دیا تو اس نے کنستر تو نیچے رکھ دیا، مگر شاٹ گن کو فائرنگ کی پوزیشن میں اٹھا لیا، اس پر اہلکاروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی مارا گیا۔

واقعے کی تحقیقات فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کر رہی ہے جو ملزم کے پس منظر اور ممکنہ محرکات کا جائزہ لے رہی ہے تاہم مرنے والے کی شناخت اہلِ خانہ کو اطلاع دینے تک ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

ضرور پڑھیں