بھارت کا ایک اور تیجس طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ
بھارت کے لڑاکا طیارے اڑتے پھرتے تابوت بن گئے، بھارت کا ایک اور تیجس لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر زمیں بوس ہو گیا۔
فائل فوٹو
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے لڑاکا طیارے اڑتے پھرتے تابوت بن گئے، بھارت کا ایک اور تیجس لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر زمیں بوس ہو گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کو ایک اور تیجس لڑاکا طیارے سے ہاتھ دھونا پڑ گئے،تیجس طیارہ تربیتی پرواز کے دوران ایئربیس میں ہی گر کر تباہ ہوا جبکہ پائلٹ بروقت اجیکٹ کرنے کے باعث محفوظ رہا۔

ذرائع کے مطابق تربیتی پرواز کے دوران تیجس طیارے میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی جس کے سبب وہ فضا میں بے قابو ہوگیا اور زمین پر آن گرا جس کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔

رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد بھارتی ایئرفورس نے تمام تیجس طیاروں کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات اور حادثے کی اصل وجوہات کے تعین کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی گئی ہے، خیال رہے کہ بھارتی فضائیہ کے پاس اس وقت 32 تیجس ایم کے ون طیارے فلیٹ میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا طیارہ حادثے کا شکار

دفاعی ماہرین کی جانب سے تکنیکی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم حکام نے زور دیا ہے کہ واقعہ کے حتمی نتائج مکمل تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی اخذ کیے جائیں گے۔

بھارتی میڈیا کےمطابق گزشتہ دو برس کے دوران بھارت کا تیسرا تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا ہے، پہلا تیجس طیارہ 2024 میں بھارتی ریاست راجستھان میں گرکر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ گزشتہ سال دبئی ایئرشو میں زمین بوس ہو گیا تھا۔ 

ضرور پڑھیں