چین کی برطانوی و کینیڈین شہریوں کیلئے ویزا فری انٹری کی سہولت
بیجنگ حکومت نے برطانیہ اور کینیڈا کے شہریوں کے چین میں ویزا فری انٹری کی سہولت متعارف کرا دی۔
فائل فوٹو
بیجنگ: (ویب ڈیسک) بیجنگ حکومت نے برطانیہ اور کینیڈا کے شہریوں کے چین میں ویزا فری انٹری کی سہولت متعارف کرا دی۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ اور کینیڈا کے شہری اب بغیر ویزا چین کا سفر کر سکیں گے، اس سہولت کا نفاذ 17 جنوری بروز منگل سے ہو گا اور برطانوی اور کینیڈین شہری رواں سال کے آواخر یعنی 31 دسمبر تک اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔

بیجنگ حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت کے تحت برطانوی اور کینیڈین کا عام پاسپورٹ رکھنے والے شہری کاروبار، سیاحت، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقات، تبادلہ پروگرام یا ٹرانزٹ کی غرض سے 30 دن تک بغیر ویزا چین میں قیام کر سکیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چین ، برطانیہ اور کینیڈا کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ کا پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان

رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر اور کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنے کے حالیہ دورۂ بیجنگ کے بعد یہ پیشرفت سامنے آئی ہے، دونوں رہنماؤں کی چینی صدر ژی جنگ پنگ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا تھا۔

دوسری جانب اعلیٰ چینی سفارت کار وانگ یی کی میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے ملاقات ہوئی جس میں بیجنگ کی جانب سے جرمنی کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی سطح تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ چین یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب یورپ اپنی خارجہ پالیسی میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔