ترکیہ نے وائے ٹی بی اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کی مشترکہ اسکالرشپ 2026 کے لیے درخواستیں کھول دی ہیں جو کہ پاکستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور ترکیہ کی معروف یونیورسٹیوں میں داخلے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
اس اسکالرشپ کے تحت منتخب طلبہ کو یونیورسٹی فیس کی مکمل ادائیگی کے ساتھ ماہانہ وظیفہ، رہائش، صحت بیمہ اور ایک سالہ ترکی زبان کا کورس فراہم کیا جائے گا، اس کے علاؤہ شرکاء بین الاقوامی تعلیمی، پیشہ ورانہ اور قیادت کے پروگراموں میں حصہ لے سکیں گے تاکہ عالمی معیار کی مہارتیں اور تجربہ حاصل ہو، اسکالرشپ کے دوران طالب علموں کو واپسی کے لیے فضائی ٹکٹ بھی دیا جائے گا۔
اہل امیدوار کے لیے لازم ہے کہ وہ وائے ٹی بی اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کے رکن ممالک کے شہری ہوں، بیچلر کے لیے عمر کی حد 21، ماسٹرز کے لیے 30 اور پی ایچ ڈی کے لیے 35 سال مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ انٹرن شپ پروگرام کا اعلان
درخواست آن لائن فارم کے ذریعے جمع کروانا لازمی ہے اور تمام تعلیمی دستاویزات، سی وی اور دیگر ضروری کاغذات شامل کیے جائیں۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 فروری 2026 ہے اسکے علاؤہ امیدوار آٹھ مختلف زبانوں میں فارم بھر سکتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اسکالرشپ پاکستانی نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کی تعلیم اور قیادت کے مواقع حاصل کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔