امریکا کا پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ انٹرن شپ پروگرام کا اعلان
Fully Funded Internship USA
فائل فوٹو
(ویب ڈؑیسک): پاکستانی اور دیگر بین الاقوامی طلبہ آئی ایم ایف فنڈ انٹرن شپ پروگرام 2026 کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف ہیڈکوارٹر میں تین ماہ پر مشتمل مکمل فنڈڈ اور با معاوضہ انٹرن شپ ہے، انٹرن شپ کے دوران منتخب امیدوار عالمی معیشت اور پالیسی سازی سے متعلق اہم تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔

 یہ پروگرام بالخصوص ماسٹرز کے نمایاں طلبہ کے لیے ہے جن کا تعلیمی ریکارڈ مضبوط ہو اور جو بین الاقوامی معاشیات، فنانس اور پبلک پالیسی میں دلچسپی رکھتے ہوں۔

آئی ایم ایف کے مطابق اس پروگرام کے تحت شرکاء کو جامع مالی معاونت فراہم کی جائے گی جس میں سفری اخراجات اور ویزا سہولت شامل ہے تاکہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے طلبہ کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

پروگرام کی میزبانی امریکہ کرے گا، مقام واشنگٹن ڈی سی ہوگا، دورانیہ تین ماہ جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 فروری 2026 ہے، منتخب انٹرنز کو ماہانہ وظیفہ، اکانومی کلاس ریٹرن ٹکٹ، مختصر مدتی امریکی ویزا سپورٹ اور محدود میڈیکل انشورنس فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: موغادیشو: مسافر طیارے کی ساحل پر ہنگامی لینڈنگ

اہلیت کے لیے ضروری ہے کہ درخواست گزار ماسٹرز پروگرام میں زیرِ تعلیم ہو، انٹرن شپ کے دوران طالب علم کی حیثیت برقرار رکھے، پروگرام مکمل ہونے کے بعد اپنی جامعہ واپس جائے، تعلیمی کارکردگی اچھی ہو، انگریزی زبان پر مکمل عبور رکھتا ہو اور کثیر الثقافتی ماحول میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

درخواست کے لیے اپڈیٹڈ سی وی اور یونیورسٹی ٹرانسکرپٹ یا اسٹوڈنٹ اسٹیٹس لیٹر درکار ہوگا، درخواستیں آئی ایم ایف کے آفیشل کیریئر پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جائیں گی اور کوئی فیس نہیں ہوگی۔

یہ پروگرام پاکستانی طلبہ کے لیے عالمی سطح پر تجربہ حاصل کرنے اور پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ کا سنہری موقع سمجھا جا رہا ہے۔