موغادیشو: مسافر طیارے کی ساحل پر ہنگامی لینڈنگ
Somalia Plane Crash Landing
فائل فوٹو
موغادیشو:(ویب ڈیسک) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک مسافر طیارہ کی فنی خرابی کے باعث ساحلی علاقے میں کریش لینڈنگ، تاہم خوش قسمتی سے طیارے میں سوار تمام 55 افراد محفوظ رہے۔

تفصیلات کے مطابق طیارہ موغادیشو سے گوریل شہر کیلئے روانہ ہوا تھا اور اُڑان بھرنے کے تقریباً 15 منٹ بعد پرواز کے دوران تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پائلٹ نے فوری طور پر طیارے کا رخ واپس موغادیشو ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا۔

ذرائع کے مطابق طیارہ مکمل طور پر کنٹرول میں نہ رہ سکا اور ایئرپورٹ کے قریب ساحلی پٹی پر اتر گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں عملے کے 5 ارکان سمیت مجموعی طور پر 55 افراد سوار تھے، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت باہر نکال لیا۔ جائے وقوعہ پر ایمبولینسز اور امدادی اہلکار فوری طور پر پہنچ گئے تھے اور مسافروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:اسکول میں فائرنگ سے 10 افراد ہلاک، 27 زخمی

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا، تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ طیارے کے بلیک باکس اور تکنیکی ریکارڈ کا جائزہ لے کر خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔