کورین گورنمنٹ اسکالرشپ پروگرام 2026 کے تحت 500 سے زائد مکمل فنڈڈ اسکالرشپس پیش کی جا رہی ہیں جو انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے دستیاب ہیں۔
اسکالرشپ کے فوائد میں جنوبی کوریا کی معروف جامعات میں مکمل ٹیوشن فیس کی ادائیگی، ماہانہ وظیفہ جو تقریباً ڈیڑھ سے ایک لاکھ اسی ہزار پاکستانی روپے کے برابر ہے، بین الاقوامی آمد و رفت کا ہوائی ٹکٹ، ڈگری پروگرام سے قبل مکمل فنڈڈ کوریائی زبان کی تربیت،اور جدید تحقیقی سہولیات و انڈسٹری سے منسلک پروگرامز تک رسائی شامل ہے۔
پاکستانی طلبہ ایشیا کی چند بہترین اور عالمی درجہ بندی میں شامل جامعات میں تعلیم حاصل کر سکتے ہیں جن میں سیول نیشنل یونیورسٹی، کائسٹ (کوریا ایڈوانسڈ انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی)، یونسی یونیورسٹی، کوریا یونیورسٹی اور سنگ کیون کوان یونیورسٹی شامل ہیں۔
اس اسکالرشپ کے تحت مختلف تعلیمی شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے تاکہ پاکستانی طلبہ اپنی دلچسپی اور کیریئر کے مطابق شعبہ منتخب کر سکیں۔ ان شعبوں میں انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی، قدرتی و اطلاقی علوم، انسانی علوم و فنون، سماجی علوم، پبلک پالیسی اور بین الاقوامی مطالعات، اور ابھرتی ہوئی جدید صنعتیں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان بورڈ کا میٹرک امتحانات کی تاریخ کا اعلان
کوریائی گورنمنٹ اسکالرشپس 2026 کے لیے اہل ہونے کے لیے پاکستانی امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا ضروری ہے اور اس کے والدین کورین شہری نہ ہوں۔
گریجویٹ پروگرامز کے لیے عمر کی حد عموماً 40 سال سے کم ہوتی ہے، امیدوار کے پاس متعلقہ پچھلی تعلیمی اہلیت ہونی چاہیے جیسے بی ایس کے لیے ہائی اسکول، ایم ایس کے لیے بیچلر اور پی ایچ ڈی کے لیے ماسٹرز کی ڈگری۔
کم از کم 80 فیصد تعلیمی کارکردگی اور بیرون ملک تعلیم کے لیے طبی طور پر فٹ ہونا بھی لازمی ہے جبکہ کورین سفارت خانہ پاکستان یا متعلقہ یونیورسٹی کی جانب سے اضافی شرائط بھی لاگو ہو سکتی ہیں۔
کورین گورنمنٹ اسکالرشپ 2026 کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کروائی جاتی ہیں اور اس کے لیے کوئی درخواست فیس نہیں لی جاتی جس سے یہ اسکالرشپ زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلبہ کے لیے قابلِ رسائی بن جاتی ہے۔