نیویارک میں پاکستانی طلبہ کے لیے بلومبرگ فیلوشپ 2026 کا اعلان
Bloomberg Fellowship 2026
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): پاکستانی طلبہ کے لیے نیویارک میں بلومبرگ فیلوشپ 2026 کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

امریکا میں انڈرگریجویٹ تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ نیویارک سٹی میں بلومبرگ ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والی بلومبرگ فیلوشپ 2026 میں شرکت کریں۔

 یہ پانچ روزہ مکمل فنڈڈ فیلوشپ 18 مئی سے 22 مئی 2026 تک جاری رہے گی اور اُن طلبہ کے لیے تیار کی گئی ہے جو بزنس جرنلزم، مالیاتی منڈیوں اور معاشی رپورٹنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

بلومبرگ فیلوشپ کے دوران شرکا کو کمپنیوں، کموڈیٹی مارکیٹس، حکومت، محنت کشوں اور دولت و طاقت کے باہمی تعلق پر رپورٹنگ کا عملی تجربہ حاصل ہوگا۔

بلومبرگ نیوز اور یو این سی ہسمین اسکول آف جرنلزم اینڈ میڈیا کے تعاون سے طلبہ کو بزنس جرنلزم کی بنیادی مہارتیں سکھائی جائیں گی جو آج میڈیا کے تیزی سے بڑھتے اور طلب والے شعبوں میں شامل ہے۔

یہ فیلوشپ مکمل طور پر فنڈڈ ہے جس میں نیویارک سٹی کے لیے آنے جانے کا خرچ،فیلوشپ کے دوران رہائش اور پانچوں دن کا کھانا شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک: حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ

 اس پروگرام میں بین الاقوامی طلبہ، بشمول پاکستانی شہری جو امریکا میں فل ٹائم زیرِ تعلیم ہوں، تیسرے اور چوتھے سال کے انڈرگریجویٹ طلبہ (Rising Juniors Seniors) اور صحافت میں گہری دلچسپی رکھنے والے طلبہ، خاص طور پر وہ جو بزنس جرنلزم نہیں پڑھ رہے، شامل ہیں۔

 یاد رہے کہ اس پروگرام میں متنوع پس منظر اور نقطۂ نظر رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔

درکار دستاویزات میں ریزیومے، غیر سرکاری تعلیمی اسناد (Unofficial Transcript)، ذاتی مضمون (Personal Essay)

اور ایک فیکلٹی ریفرنس کی رابطہ معلومات شام ہیں۔

واضح رہے کہ تمام درخواستیں 28 فروری 2026 تک آن لائن جمع کرانا ہوں گی۔

سرکاری پورٹل: [https://hussman.unc.edu/bloomberg-journalism-program](https://hussman.unc.edu/bloomberg-journalism-program)

عالمی صحافت میں کیریئر بنانے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے بلومبرگ فیلوشپ 2026 ایک شاندار موقع ہے جو سیکھنے، نیٹ ورکنگ اور بین الاقوامی تجربہ فراہم کرتا ہے۔