لاہور: بسنت کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت
صوبائی دارالحکومت لاہور میں 7،6 اور 8 فروری کو ہونے والی بسنت کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
فائل فوٹو
لاہور : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں 7،6 اور 8 فروری کو ہونے والی بسنت کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب کابینہ نے لاہور کے ساتھ مزید 4 اضلاع میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کی اجازت دے دی، لاہور کے ساتھ ساتھ فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں قابلِ اجازت پتنگ سازی مواد بنانے کی اجازت دی گئی ہے۔

حکومت پنجاب نے پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت مذکورہ اضلاع میں پتنگ سازی کی منظوری دی ہے، ان 4 اضلاع میں مینوفیکچررز متعلقہ ڈپٹی کمشنر کیساتھ رجسٹر ڈہوں گے،تمام مینوفیکچررز حکومت پنجاب کے ای بِزپورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کروائیں گے۔

رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف کائٹ فلائنگ رولز کے مطابق پتنگ اور ڈور تیار کر سکیں گے، رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو پتنگیں اور ڈور فروخت کر سکیں گے، تیار کردہ پتنگیں اور ڈور صرف لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو استعمال کیلئے فروخت کی جا سکیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں میں بسنت پر پابندی عائد

مذکورہ چار اضلاع میں تیار کردہ پتنگ بازی کا سامان لاہور کے علاوہ کسی اور ضلع میں فروخت یا استعمال نہیں ہو گا، فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں صرف مینوفیکچررز کی رجسٹریشن ہو گی، ان چار اضلاع میں ٹریڈر یا سیلر کے طور پر رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی گئی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو منظوری کے مطابق انتظامات کی ہدایت جاری کر دی گئی، چاروں اضلاع مزید رہنمائی کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی اور ڈپٹی کمشنر لاہور سے روابطہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ 6،7 اور 8 فروری کو بسنت کی اجازت صرف لاہور کیلئے دی گئی ہے، مقررہ تاریخوں سے قبل اور پنجاب کے کسی اور ضلع میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہے۔