پاکستانی گریجویٹس دبئی بزنس ایسوسی ایٹس پروگرام 2026 کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، یہ ایک باوقار اور مکمل فنڈڈ نو ماہ کا پیشہ ورانہ ترقیاتی پروگرام ہے جو پاکستانی گریجویٹس اور ابتدائی کیریئر کے حامل افراد سمیت ابھرتی ہوئی عالمی صلاحیتوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
دبئی بزنس ایسوسی ایٹس پروگرام کا مقصد اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ دنیا کے درمیان فاصلے کو کم کرنا ہے جس کے تحت دبئی میں قائم کمپنیوں کے ساتھ عملی کنسلٹنگ تجربہ فراہم کیا جاتا ہے، یہ پروگرام متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِ اعظم اور حکمرانِ دبئی عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں چلایا جاتا ہے۔
یہ پروگرام تمام قومیتوں کے امیدواروں کے لیے کھلا ہے، درخواست دینے کی کوئی فیس نہیں اور پروگرام کے پورے دورانیے میں مکمل مالی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
دبئی بزنس ایسوسی ایٹس پروگرام 2026 متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد ہوگا جس کا دورانیہ نو ماہ ہے اور یہ مکمل طور پر فنڈڈ ہے، درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ یکم اپریل 2026 ہے، ہر بیچ میں عموماً 30 سے 40 شرکا کا انتخاب کیا جاتا ہے جس کے باعث یہ ایک انتہائی مسابقتی بین الاقوامی موقع ہے۔
اس پروگرام کے تحت تمام اہم اخراجات پورے کیے جاتے ہیں جن میں دبئی میں مکمل فرنشڈ رہائش، بین الاقوامی آنے جانے کا ہوائی سفر، ویزا اسپانسرشپ اور معاونت، اور ماہانہ گزارہ الاؤنس شامل ہے، اس طرح شرکا بغیر کسی مالی دباؤ کے اپنی پیشہ ورانہ ترقی پر مکمل توجہ دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نیویارک میں پاکستانی طلبہ کے لیے بلومبرگ فیلوشپ 2026 کا اعلان
ڈی بی اے پروگرام عملی سیکھنے پر زور دیتا ہے اور معروف اداروں کے ساتھ حقیقی کنسلٹنگ منصوبوں پر کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ شرکا کو اعلیٰ سی ای اوز اور انڈسٹری لیڈرز کی ماسٹرکلاسز، پیشہ ورانہ اور قیادتی تربیت، ون ٹو ون کیریئر اور لائف کوچنگ، اور ثقافتی سرگرمیوں و گروپ ایکسکرشنز میں شرکت کا موقع بھی ملتا ہے، یہ جامع انداز شرکا کو عالمی کاروباری ماحول میں قائدانہ کردار کے لیے تیار کرتا ہے۔
درخواست دہندگان کے پاس بیچلر ڈگری ہونا ضروری ہے، تعلیمی پس منظر کی کوئی پابندی نہیں، یہ پروگرام حالیہ گریجویٹس یا ابتدائی کیریئر کے حامل افراد کے لیے ہے جن کے پاس 0 سے 3 سال کا تجربہ ہوجبکہ ترجیحی عمر 23 سے 27 سال کے درمیان ہے۔
درخواستیں سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں، محدود نشستوں اور عالمی سطح پر سخت مقابلے کے باعث بروقت درخواست دینا بہتر ہے۔