بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گریٹر نوئیڈا کے علاقے بسرکھ میں واقع پیرا ماؤنٹ ایموشنز سوسائٹی میں پیش آیا جہاں 38 سالہ ایک سافٹ ویئر انجینئر شتروگھن سنہا نے مبینہ طور پر اپنی سالی پر چاقو سے حملہ کیا اور پھر 16ویں منزل سے کود کر اپنی جان دے دی۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ شتروگھن سنہا کا اپنی اہلیہ سے کسی بات پر شدید تنازع ہوا تھا اور اس نے مبینہ طور پر بیوی پر حملے کی کوشش کی تھی تاہم اسی دوران اس کی سالی نے مداخلت کی تو سنہا نے چاقو سے اس پر وار کیا، جس سے اس کا ہاتھ زخمی ہو گیا اور خون بہنے لگا۔
شتروگھن سنہا کی اہلیہ نے بہن کو تکلیف میں دیکھا تو پولیس کو بلانے کے لیے کال کی جس پر وہ بدنامی کے خوف سے گھبرا گیا اور خود کو کمرے میں بند کرلیا، جب اہلیہ اور سالی نے دروازے کھولنے کی دھمکی دی اور پولیس کے آنے سے ڈرایا تو اس نے گھر کی بالکونی سے چھلانگ لگا دی، وہ زمین پر گرا اور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابی مہم میں لڑائی، جماعتِ اسلامی کے سینیئر رہنما جاں بحق
پولیس کا کہنا ہے کہ شتروگھن سنہا کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے ، ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ شترو گھن سنہا گزشتہ چھ ماہ سے بے روزگار اور شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا تھا۔
اس واقعے سے قبل اس نے شراب نوشی بھی کی تھی جبکہ پڑوسیوں کے بقول میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔
پولیس کا مزید بتانا ہے کہ شتروگھن سنہا آئی ٹی کمپنی میں سافٹ ویئر انجینئر تھا، اس کی شادی کو تقریباً 11 سال کا عرصہ بیت چکا تھا اور اس کا 8 سالہ بیٹا بھی ہے جبکہ شتروگھن سنہا کی بیوی بھی ایک آئی ٹی کمپنی میں بطور سافٹ ویئر انجینئر ملازمت کرتی ہے۔