پہلا ٹی 20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دیدی
پاکستان نے تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دے دیا۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان نے تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 146 رنز ہی بنا پائی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے کیمرون گرین 36، کپتان ٹریوس ہیڈ 23، میٹ رینشا 15، جوش فلپ 12 رنز بنا پائے جبکہ بریٹ لیٹ 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کے چار کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، میتھیو شارٹ 5، مچل اوون 8، جیک ایڈورڈ 5 بنا کر پویلین لوٹے، ایڈم زمپا نے 5 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی جبکہ کوپر کونولی بغیر کھاتہ کھولے ہی ابرار احمد کا شکار بن گئے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2،2 جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 22 گیندوں پر 40 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے 27 گیندوں پر 39 رنز کی اننگ کھیلی، بابر اعظم 24، عثمان خان 18 اور فخر زمان 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اسی طرح شاداب خان ایک اور شاہین آفریدی بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے جبکہ محمد نواز نے 15 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کی بھارت سے منتقلی کیلئے آوازیں اٹھنے لگیں

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ بارٹ لیٹ اور بیئرڈمین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

یوں پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے، سیریز کے بقیہ دو میچز بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔