بے نظیر تعلیمی وظائف کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا
Benazir Taleemi Wazaif
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے 8 سے 22 سال کے طلبہ کیلئے تعلیمی وظائف کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے ملک بھر میں تعلیمی وظائف کیلئے رجسٹریشن کھول دی ہے جس کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو تعلیم جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنا اور باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

حکام کے مطابق والدین یا سرپرست اپنے بچوں کو قریبی بی آئی ایس پی دفتر میں رجسٹر کرا سکتے ہیں، رجسٹریشن کے لیے بچے کا بی فارم اور ایسا موبائل نمبر لازم ہے جو پہلے سے بی آئی ایس پی میں درج ہو، متعلقہ افسر اندراج مکمل کرنے کے بعد ایک پرچی جاری کرے گا جو بچوں کے اسکول میں تصدیق کے لیے جمع کروانی ہوگی، تصدیق کے بعد یہ پرچی دوبارہ بی آئی ایس پی دفتر میں جمع کروائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: ماں اور بچی گٹر کے مین ہول میں گر گئی، لاشیں برآمد

تعلیمی وظائف کے لیے وہ بچے اہل ہونگے جن کی والدہ بینظیر کفالت پروگرام میں شامل ہو، عمر کی حد پرائمری کے لیے 8 سے 18 سال، سیکنڈری کے لیے 13 سے 22 سال مقرر کی گئی ہے، طلبہ کے لیے اسکول میں کم از کم 70 فیصد حاضری لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ اسکول کی تبدیلی کی صورت میں بی آئی ایس پی کو آگاہ کرنا ضروری ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وظائف کی رقم 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک ہوگی جبکہ پرائمری تعلیم مکمل کرنے والی طالبات کو اضافی 3 ہزار روپے بطور خصوصی ترغیب دیے جائے گے، بی آئی ایس پی کے مطابق یہ اقدام نہ صرف تعلیم کے فروغ بلکہ بچیوں کی تعلیم کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرے گا۔