ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے ایمر جینسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے ایمر جینسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، بلوچستان کے مختلف اضلاع ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت، پشین، کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، اسکردو، ہنزہ، غذر، استور، دیامر اور شگر میں بارش و برفباری کی پیشگوئی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برفباری کے دوران پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن ٹریفک کی روانی کو متاثر کر سکتی ہے، پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں، پرانے اور کمزور ٹائروں کے ساتھ گاڑی کو پہاڑی علاقوں میں ہر گز نہ لے کر جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: مری اور گلیات میں شدید برفباری، سیاحوں کا داخلہ بند

حکام کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برفباری کے دوران سفر نہایت ضروری ہو تو ضروری سامان بشمول سنو چین اور اضافی فیول وغیرہ کی دستیابی یقینی بنائیں، ممکنہ متاثرہ علاقوں میں سفر کے دوران انتظامیہ کے ساتھ تعاون، ہدایات پر عمل اور موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں۔

این ڈی ایم اے نے موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کردیں۔

ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے کااین ای او سی تمام صورتحال اور ممکنہ خطرات کی پیشگی آگاہی اور متعلقہ اداروں تک ضروری معلومات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔