مری اور گلیات میں شدید برفباری، سیاحوں کا داخلہ بند
گلیات میں شدید برفباری نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
فائل فوٹو
مری، ایبٹ آباد : (سنو نیوز) ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں شدید برفباری نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ایبٹ آباد نے سیاحوں کو گلیات جانے سے روک دیا، گلیات جانے والے تمام داخلی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی جبکہ سیاحوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کے مطابق سیاحوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، برفباری کے باعث راستے بند ہونے کا خطرہ ہے، سیاح متبادل راستوں اور خراب موسم میں سفر سے گریز کریں۔

ادھر ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شدید برفباری اور راستوں کی بندش کے باعث برفباری دیکھنے آنے والے سیاحوں کا داخلہ انتظامیہ نے روک دیا، مری میں اشیاء خوردونوش سپلائی کرنیوالی گاڑیوں کا داخلہ بھی بند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سردی کب تک رہے گی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

علاوہ ازیں شہر میں بجلی کی بھی بار بار بندش کا سامنا ہے،کئی نواحی علاقوں میں دو دن سے بجلی غائب ہے، معروف سیاحتی مقام کشمیر پوائنٹ میں بھی بجلی دو روز سے منقطع ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مری کا سفر کرنے والے شہریوں کے لیے جاری خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ مری میں تمام ہوٹل مکمل فل ہو چکے ہیں، مری میں برفباری بھی بہت زیادہ ہورہی ہے، مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں، اب مری میں مزید گاڑیوں کے داخلے کی بھی گنجائش نہیں رہی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس لیے سیاحوں سے گزارش ہے اب مری کا سفر کرنے سے گریز کریں، مری کے ہوٹلوں میں بھی اب مزید گنجائش نہیں ہے، مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد پہلے سے موجود ہے لہذا التماس ہے شہری مری کے سفر سے اجتناب کریں،مری میں سیاحوں کی حفاظت حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔