وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسمین دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے، اجلاس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جوائنٹ فیملی میں رہنے والے گھر کی توسیع کے لیے بھی اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت بلا سود قرض لے سکیں گے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے پروگرام کے تحت جون 2026 تک ایک لاکھ 60 ہزار گھر بنا نے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی زمین، اپنا گھر پروگرام کے تحت کے ایک ہزار 534 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی بھی منظوری دے دی۔
یہ بھی پڑھیں: اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت قرض لینے والوں کیلئے بڑی خوشخبری
دوران اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کے تحت 53 ہزار 843 مکانات زیر تعمیر ہیں، پروگرام کے تحت 164 ارب 66 کروڑ روپے کے ریکارڈ قرضوں کا اجراء کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپناگھر پروگرام کے رجسٹرڈ یوزرز کی تعداد18 لاکھ 80 ہزار 81 جبکہ درخواست گزاروں کی تعداد 10 لاکھ 66 ہزار 559 ہے، پنجاب بھر میں 67 ہزار 197 گھر آباد ہو چکے ہیں اور ریکوری 99 فیصد ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو پروگرام کے تحت دوسری قسط بھی جلد از جلد ادا کرنے کی ہدایت کی اور اپنی چھت،اپنا گھر کے صارفین کے انتقال کی صورت میں پالیسی مرتب کرنے کا بھی حکم دیا۔