نجی تعلیمی اداروں پر نئی پابندی عائد، مراسلہ جاری
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام نجی سکولوں پر پابندی عائد کی ہے کہ وہ والدین کو کسی مخصوص دکان سے کتابیں اور یونیفارم خریدنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام نجی سکولوں پر پابندی عائد کی ہے کہ وہ والدین کو کسی مخصوص دکان سے کتابیں اور یونیفارم خریدنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔

نجی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام پرائیویٹ اسکولوں کو والدین پر کتابیں، یونیفارم اور دیگر اسکول آئٹمز کی کسی مخصوص دکان سے خریداری کے لیے پابند نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، اس حوالے سے باضابطہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی پرائیویٹ سکول والدین کو مخصوص دکان یا وینڈر سے کتابیں، یونیفارم، جوتے، کاپیاں یا دیگر تعلیمی سامان خریدنے پر مجبور نہیں کر سکتا، والدین کو کسی بھی قسم کی خریداری کے لیے پابند کرنا نجی سکولوں کے قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی جانے کے خواہشمند طلبا کیلئے خوشخبری

محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی پرائیویٹ سکول والدین پر دباؤ ڈالے یا کسی مخصوص دکان سے سامان خریدنے کی شرط عائد کرے تو والدین اس کی شکایت اپنے ضلع کی متعلقہ ایجوکیشن اتھارٹی میں درج کرا سکتے ہیں۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔