جرمنی جانے کے خواہشمند طلبا کیلئے خوشخبری
Pakistan students in Germany
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم آفس میں پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینکا لیپل سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات  نوجوانوں کی تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

جرمن سفیر اینکا لیپل نے کہا کہ جرمن حکومت پاکستان سے جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے جارہی ہے۔ اس وقت تقریباً 6 ہزار پاکستانی طلبہ جرمنی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ آئندہ برسوں میں اس تعداد کو بڑھا کر 10 ہزار تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

اینکا لیپل نے مزید کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور اکیڈمک تبادلوں کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، خاص طور پر ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) کے شعبے میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، صنعت اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔

یہ بھی پڑھیں:ترکیہ کا پاکستانی طلبہ کے لیے فلی فنڈڈ سکالر شپس کا اعلان

رانا مشہود احمد خان نے ملاقات میں نوجوانوں کے تعلیمی اور مہارتی ترقی کیلئے جرمنی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستانی طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سفارتی اور تعلیمی تعلقات کے فروغ سے پاکستانی طلبہ کو نہ صرف جرمنی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا بلکہ انہیں عالمی معیار کی مہارتیں سیکھنے اور مستقبل میں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے بھی تیار کیا جائے گا۔