اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت قرض لینے والوں کیلئے بڑی خوشخبری
Apni Chhat Apna Ghar scheme
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت بلاسود قرض حاصل کرنے والے شہریوں کیلئے سہولیات میں نمایاں اضافہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے قرض کی بروقت اور جلد واپسی پر 20 فیصد تک رعایت دینے کی سفارش کر دی ، جسے عوامی سطح پر ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اگر قرض لینے والا مقررہ مدت سے قبل رقم واپس کر دے تو اسے خصوصی رعایت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ قرض کی مدت کے دوران قرض لینے والے شخص کے انتقال کی صورت میں قرض معاف کرنے جبکہ معذور ہونے کی صورت میں خصوصی رعایت دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

یہ تمام اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر قرض واپسی کے عمل کو آسان اور عوام دوست بنانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت شہریوں کو 10 سال کی مدت کیلئے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جاتا ہے تاکہ کم آمدنی والے افراد اپنے گھر کی تعمیر کا خواب پورا کر سکیں۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد رعایت سے متعلق لائحہ عمل کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس امتحان میں بڑی تبدیلی کر دی گئی

اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرزا ولید بیگ، اخوت، این ایس آر پی اور مختلف مائیکروفنانس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور عملی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رعایت کا اطلاق 10 سالہ قرض کو 3 سے 6 سال میں واپس کرنے کی صورت میں ہوگا۔

ڈی جی پھاٹا نے رعایت کے اطلاق کیلئے ایس او پیز جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایس او پیز جلد صوبائی وزیر بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو منظوری کیلئے پیش کیے جائیں گے۔