انڈونیشیا کا پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان
Indonesia scholarship
فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): انڈونیشیا نے ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستانی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اجراء کر دیا ہے۔

  انڈونیشیا کی حکومت نے ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستان کے طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ 2026 کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت بیچلر، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے پروگراموں میں بغیر کسی فیس کے داخلہ دیا جائے گا۔

 اس اسکالرشپ کا مقصد بین الاقوامی تعلیمی تعاون کو فروغ دینا اور مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنا ہے۔

انڈونیشیا کی 34 یونیورسٹیاں اس اسکالرشپ اسکیم میں حصہ لے رہی ہیں جو انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، اکنامکس، میڈیسن، آرکیٹیکچر، قانون، پبلک ایڈمنسٹریشن، سیاحت، ڈیٹا سائنس، نرسنگ، سوشیالوجی، پولیٹیکل سائنس اور ماحولیاتی علوم سمیت 1008 مختلف پروگرام پیش کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ نے عالمی خدمت پروگرام 2026 کا آغاز کردیا

منتخب امیدواروں کو ایک سال کی انڈونیشین زبان کی تربیت کے بعد تعلیمی پروگرام میں داخلہ ملے گا، اس اسکیم میں شامل طلبہ کو ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، کتابوں کے الاؤنس، صحت کا بیمہ، بین الاقوامی سفر اور مقامی نقل و حمل کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی۔

بیچلر پروگرام 48 ماہ، ماسٹرز 24 ماہ اور پی ایچ ڈی 48 ماہ پر محیط ہوں گے، درخواست دینے کے لیے امیدوار پہلے اپنے ملک میں انڈونیشیائی سفارت خانے یا کونسل خانے سے سفارش حاصل کریں پھر سرکاری اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرائیں گے۔

درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2026 ہے۔