بسنت: گڈے، پتنگیں اور ڈور کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں؟
جوں جوں بسنت کے دن قریب آرہے ہیں ہر کوئی اس تگ و دو میں ہے کہ پتنگیں ڈور اور گڈے حاصل کر لے، اس افراتفری کے عالم میں مارکیٹ میں ڈیمانڈ اور سپلائی میں فرق کے باعث قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) جوں جوں بسنت کے دن قریب آرہے ہیں ہر کوئی اس تگ و دو میں ہے کہ پتنگیں ڈور اور گڈے حاصل کر لے، اس افراتفری کے عالم میں مارکیٹ میں ڈیمانڈ اور سپلائی میں فرق کے باعث قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

پتنگیں ، ڈور اور گڈے کہاں سے ملیں گے یہ سوال ہر ایک ذہن میں آرہا ہے تو آپ کی آسانی کے لیے ہم بتائے دیتے ہیں کہ بسنت کا تمام مواد لاہور میں سب سے زیادہ دستیاب ہے، خاص طور پر اندرون موچی گیٹ اور اس کے اطرف کے بازاروں میں دکانوں گڈے ، ڈور اور پتنگیں وافر تعداد میں دستیاب ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہاں لوگوں کا رش بھی کافی ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے تقریباً 2 ہزار سے زائد ٹریڈرز کو پتنگوں، ڈور اور گڈوں کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے، اس لیے کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے صرف رجسٹرڈ یا لائسنس یافتہ دکانداروں اور سٹالز سے ہی قانونی طور پر بسنت کے سامان کی خریداری کریں۔

لاہور علاوہ ملک کے دیگر شہروں جیسے کہ ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور اور کوئٹہ سے بھی سستی پتنگیں مل سکتی ہیں لیکن پنجاب میں دوسرے شہروں سے پتنگ بازی کا سامان لانے پر پابندی ہے ، صرف لائسنس یافتہ افراد ہی دیگر شہروں سے پتنگ بازی کا سامان لاہور لا کر فروخت کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیفٹی راڈز نہ لگوانے والوں کیخلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ

حکومتی قوانین کے مطابق صرف عام رنگین یا سادہ پتنگوں کی اجازت دی گئی ہے، مذہبی نشانات، تصاویر، سیاسی جھنڈے والی پتنگیں ممنوع ہیں، مہلک ڈور (نائلون، پلاسٹک، دھاتی/کیمیکل والی مانجھا) پر مکمل پابندی ہے، جسے استعمال کرنے پر جرمانہ اور قید بھی ہو سکتی ہے۔

علاوہ ازیں چرخیاں بنانا اور بیچنا بھی ممنوع ہے جبکہ پتنگ چوڑائی 35 انچ اور لمبائی 30 انچ سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔

مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں فرق کے باعث بسنت کے سامان کی قیمتیں کافی زیادہ ہیں ، مارکیٹ میں چھوٹی پتنگیں یا گڈے 250 روپے 500 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں جبکہ ڈور کے پنے کی قیمت ہزاروں روپے میں ہے۔

اگر آپ لاہور یا قریب میں ہیں تو موچی گیٹ چکر لگائیں، لیکن جلدی جائیں کیونکہ اسٹاک ختم ہو رہا ہے، باقی شہروں میں چھوٹے پیمانے پر پتنگ بازی کا سامنا دستیاب تو ہو سکتا ہے لیکن قانونی اور محفوظ خریداری کے لیے رجسٹرڈ جگہوں کا انتخاب کریں۔