رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے سیفٹی راڈز لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اب پنجاب حکومت نے محفوظ بسنت کو یقینی بنانے کے لیے سیفی راڈزنہ لگوانے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بغیر سیفٹی راڈ موٹر سائیکل چلانے والوں کو اب جرمانوں کے ساتھ ساتھ مقدمات کا بھی سامنا کرناپڑے گا۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے اب تک سیفٹی راڈز نا لگوانے والوں موٹر سائیکل سواروں کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرلیے ہیں، شہریوں کے خلاف درج ہونے والے مقدمات پولیس کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔
سیفٹی راڈز نہ لگانے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف مقدمات دفعہ 188 کے تحت درج کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کے 13 سرکاری اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں 7،6 اور 8 فروری کو ہونے والی بسنت کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پنجاب کابینہ نے لاہور کے ساتھ مزید 4 اضلاع میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کی اجازت دے دی، لاہور کے ساتھ ساتھ فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں قابلِ اجازت پتنگ سازی مواد بنانے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکومت پنجاب نے پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت مذکورہ اضلاع میں پتنگ سازی کی منظوری دی ہے، ان 4 اضلاع میں مینوفیکچررز متعلقہ ڈپٹی کمشنر کیساتھ رجسٹر ڈہوں گے،تمام مینوفیکچررز حکومت پنجاب کے ای بِزپورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کروائیں گے۔
رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف کائٹ فلائنگ رولز کے مطابق پتنگ اور ڈور تیار کر سکیں گے، رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو پتنگیں اور ڈور فروخت کر سکیں گے، تیار کردہ پتنگیں اور ڈور صرف لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو استعمال کیلئے فروخت کی جا سکیں گی۔
اس کو بھی پڑھیں: ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں میں بسنت پر پابندی عائد
مذکورہ چار اضلاع میں تیار کردہ پتنگ بازی کا سامان لاہور کے علاوہ کسی اور ضلع میں فروخت یا استعمال نہیں ہو گا، فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں صرف مینوفیکچررز کی رجسٹریشن ہو گی، ان چار اضلاع میں ٹریڈر یا سیلر کے طور پر رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی گئی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو منظوری کے مطابق انتظامات کی ہدایت جاری کر دی گئی، چاروں اضلاع مزید رہنمائی کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی اور ڈپٹی کمشنر لاہور سے روابطہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 6،7 اور 8 فروری کو بسنت کی اجازت صرف لاہور کیلئے دی گئی ہے، مقررہ تاریخوں سے قبل اور پنجاب کے کسی اور ضلع میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہے۔