لاہور کے 13 سرکاری اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری
Lahore Basant hospital alert
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب محکمہ صحت نے بسنت تہوار کے پیش نظر لاہور کے 13 اسپتالوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے  بسنت کے دوران تمام متعلقہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی مکمل حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے ،اسی کے ساتھ ساتھ ادویات، ڈرپس، ویکسین اور جراحی آلات کی دستیابی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔

اسپتالوں کو خون کے بیگز کا مناسب انتظام کرنے اور رضاکار خون دینے والوں کی فہرستیں تیار رکھنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے اور بسنت سے متعلقہ ممکنہ حادثات کے لیے مخصوص بیڈز مختص کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور: بسنت کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت

محکمہ صحت نے ایکس رے، الٹراساؤنڈ، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینیں ہمہ وقت فعال رکھنے پر زور دیا ہے جبکہ موبائل اور لینڈ لائن نمبرز مسلسل کھلے رکھنے کی بھی ہدایت دی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کو اپنی تیاریوں کی مکمل رپورٹ فوری طور پر محکمہ صحت کو ارسال کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ان اقدامات کا مقصد بسنت کے دوران عوام کی حفاظت اور فوری طبی سہولت کی فراہمی ہے۔