ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری کیے گئے پبلک نوٹس کے مطابق اب سی ایس ایس کے لازمی مضامین کے امتحانات میں ایک دن میں صرف ایک ہی پرچہ لیا جائے گا، جبکہ اس سے قبل ایک ہی دن میں دو پرچے منعقد کیے جاتے تھے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق یہ نیا فیصلہ سی ایس ایس امتحان 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور آئندہ برسوں میں بھی اسی پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد امیدواروں کو امتحانی دباؤ سے نجات دلانا، بہتر تیاری کا موقع فراہم کرنا اور امتحانات کے انعقاد کو مزید منظم اور ہموار بنانا ہے۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق ایک دن میں دو پرچوں کی وجہ سے امیدواروں کو شدید ذہنی اور جسمانی تھکن کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جس کا اثر کارکردگی پر بھی پڑتا تھا۔
نئے نظام کے تحت امیدوار ہر پرچے پر بھرپور توجہ دے سکیں گے، جس سے مجموعی نتائج بہتر ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کیلئے بڑی خوشخبری
ایف پی ایس سی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ سی ایس ایس امتحان 2026 کا تفصیلی امتحانی شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ معلومات، ٹائم ٹیبل اور دیگر اعلانات کیلئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں۔
یہ فیصلہ سی ایس ایس کے خواہشمند امیدواروں کیلئے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور اسے امتحانی اصلاحات کی جانب ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔